لکھنؤ، 29؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بی ایس پی سربراہ مایاوتی پر نازیبا تبصرہ کرنے کے الزام میں سابق بی جے پی لیڈر دیاشنکر سنگھ کو آج اتر پردیش پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف)نے گرفتار کر لیاہے ۔ایس ٹی ایف کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ امت پاٹھک نے میڈیا کو بتایا کہ سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔سنگھ کو بہار کے بکسر ضلع سے گرفتار کئے جانے کی خبر ہے۔حالانکہ پاٹھک نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔بی جے پی سابق صوبائی نائب صدر دیاشنکر سنگھ نے گزشتہ دنوں مایاوتی کے خلالف اشتعال انگیز تبصرہ کیا تھا ۔اس کے بعد انہیں بی جے پی سے نکال دیا گیا تھا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔بی ایس پی لیڈر میوا لال گوتم کی طرف سے درج ایف آئی آر میں سنگھ کے خلاف درج فہرست ذات وقبائل ظلم روک تھام ایکٹ اور تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات لگائی گئی تھیں۔پولیس سنگھ کی گرفتاری کے لیے جگہ جگہ چھاپے مار رہی تھی۔سنگھ کی گرفتاری نہ ہونے کو لے کر ریاستی حکومت چوطرفہ گھر گئی تھی۔بی ایس پی اس پر بی جے پی سے ملی بھگت کا مسلسل الزام لگا رہی تھی، وہیں بی جے پی بھی اس پر بی ایس پی کی مدد کرنے کا الزام لگا کر اسے گھیرنے کی کوشش کر رہی تھی۔دیاشنکر سنگھ نے بی ایس پی سربراہ پر تبصرہ کے بعد اپنے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔انہوں نے اس معاملے میں اپنی گرفتاری پر روک لگانے کا حکم دینے کی اپیل کی تھی ، تاہم عدالت نے کل انہیں اس سلسلے میں کوئی راحت نہیں دی تھی۔